مدیراعلی: ندیم اجمل عدیم


سینئر صحافی طارق اسماعیل کا گورنر پنجاب کو خط‘سرائیکی ایریا سٹڈ ی سنٹر کے معاملات کا نوٹس لینے کا مطالبہ

سینئر صحافی طارق اسماعیل کا گورنر پنجاب کو خط‘سرائیکی ایریا سٹڈ ی سنٹر کے معاملات کا نوٹس لینے کا مطالبہ

      Author Editor Hum Daise View all posts

 

 

 

سینئر صحافی طارق اسماعیل کی جانب سے سرائیکی ایریا سٹڈی سنٹر کے معاملات کے حوالے سے گورنر پنجاب کو خط لکھا گیا ہے جو ہم دیس کے قارئین کی آگاہی کے لئے ہو بہو شائع کیا جارہا ہے

بخدمت جناب سردار سلیم حید ر خان صاحبگور نر پنجاب

عنوان : تعیناتی برائے ڈائریکٹر(آن میرٹ) سرائیکی ایریا سٹڈی سنٹر جامعہ زکریا ملتان

جناب عالی!
سرائیکی وسیب جو کہ پانچ ہزار سالہ قدیم تہذیب و ثقافت کا حامل خطہ ہے۔ سرائیکی وسیب کا شمار دنیا کی چند ابتدائی آبادیوں میں ہوتا ہے سرائیکی وسیب مذہبی ، تہذیبی ، ثقافتی اور معدنیاتی حوالے سے اہمیت کا حامل خطہ ہے۔ دنیا کے بڑے مذاہب جس میں ہندومت ، بدھ مت اور اسلام سمیت متعدد مذاہب کے نزدیک بھی سرائیکی وسیب خصوصا ملتان تقدیس کا حامل شہر ہے۔ اس خطہ کی تہذیبی ، ثقافتی اور جغرافیائی اہمیت کے حوالے سے تحقیق کرنے کی غرض سے 2002 میں بہاالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں سرائیکی ریسرچ سنٹر کی بنیاد رکھی گئی جسے بعدازاں سرائیکی ایریا سٹڈی سنٹر کا درجہ دیتے ہوئے اس میں پانچ شعبہ جات شعبہ سرائیکی زبان وادب ، شعبہ آثار قدیمہ ، شعبہ مابعد نوآبادیات ، شعبہ کلچر سٹڈیز اور شعبہ زبانی ابلاغیات کے ساتھ خواجہ غلام فرید چیئر کی بھی منظوری دی گئی۔ شومی قسمت کہ اب تک صرف شعبہ سرائیکی زبان وادب ہی اپنی فعال حالت میں موجود ہے اور سرائیکی ریسرچ سنٹر کو فنڈز کی کمی کا بہانہ بنا کر بند کردیا گیا ہے۔ شعبہ جات کے بند ہونے کی بنیادی وجہ سرائیکی ایریاسٹڈی سنٹر میں تعینات ہونے والے غیر سرائیکی ڈائریکٹرز کی عدم توجہی بنی۔ 10 فروری 2022 کو یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے پہلی بار سرائیکی زبان و ادب میں پہلی پی۔ایچ۔ڈی اور پوسٹ ڈاکٹریٹ خاتون ڈاکٹر نسیم اختر کو اگلے تین سال کیلیے سرائیکی ایریاسٹڈی سنٹر کی ڈائریکٹر شپ سونپی تو سرائیکی وسیب سمیت سرائیکی زبان وادب پڑھنے والے طلبا وطالبات میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ ڈاکٹر نسیم اختر نے دن رات محنت کرکے شعبہ کی تعمیر وترقی میں نمایاں خدمات سرانجام دیں اور بالآخر 09 فروری 2025 کو ڈائریکٹر شپ کی مدت مکمل کرنے کے بعد مزید دو ماہ بھی بطور ڈائریکٹر اپنے فرائض سرانجام دیتی رہیں۔ ڈاکٹر نسیم اختر کی ڈائریکٹر شپ کی مدت مکمل ہونے کے بعد یونیورسٹی میں موجود قبضہ مافیا عہدے کے حصول کی غرض سے دوبارہ سرگرم عمل نظر آیا اور اس مافیا نے جامعہ میں نئے تعینات ہونے والے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زبیر اقبال غوری کو یوں اپنے سحر میں جکڑا کہ عزت مآب وی۔سی صاحب نے یونیورسٹی قوانین کے خلاف جاتے ہوئے شعبہ عربی سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون پروفیسر ڈاکٹر رحمی حفیظ کو غیر معینہ مدت کیلیے سرائیکی ایریاسٹڈی سنٹر کا نیا ڈائریکٹر تعینات کردیا۔ وائس چانسلر کے اس عمل سے سرائیکی علمی وادبی حلقوں میں شدید مایوسی کی لہر دوڑ گئی اور طلباوطالبات سمیت شعبہ کے سکالرز بھی اس تعینات پر افسردہ ہوگئے۔ سرائیکی قوم اور سرائیکی وسیب کیلیے پاکستان پیپلز پارٹی کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ سرائیکی ایریاسٹڈی سنٹر کے قیام اور اس کی خوبصورت و دیدہ زیب عمارت کی تعمیر بھی پاکستان پیپلزپارٹی ہی کی مرہون منت ہے۔ سرائیکی قوم اور سرائیکی زبان و ادب کے طلبا وطالبات اور محققین اپنے ساتھ ہونے والے اس غلط اور غیر اخلاقی کام کے بعد آپ سے اور پاکستان پیپلز پارٹی سے حق و انصاف کی امید رکھتے ہیں۔ جنابِ والا سرائیکی ایریاسٹڈی سنٹر ناصرف ایک تعلیمی ادار ہے بلکہ سرائیکی تہذیبی وثقافتی وِرثے کو محفوظ بنانے کیلیے اپنی نوعیت کا اکلوتا ادارہ بھی ہے۔ آپ سے التماس ہے کہ آپ بطور چانسلر اور گورنرایک ذمہ دار شخصیت کے طور پر وائس چانسلر صاحب کے اس عمل پر قانونی تقاضوں کے عین مطابق نظرثانی فرمائیں اور سرائیکی ایریاسٹڈی سنٹر کا ڈائریکٹر متعلقہ شعبے سے ہی میرٹ کی بنیاد پر لگایا جائے تاکہ شعبہ پھر سے اپنی ترقی کے سفر کا باقاعدہ آغاز کر سکے اور سرائیکی زبان و ادب کے ساتھ ساتھ سرائیکی خطے کے عظیم وِرثے کا تحفظ یقینی بنا سکے۔ سرائیکی وسیب کی عوام اور سرائیکی زبان وادب کے طلباوطالبات آپ کی مداخلت اور وائس چانسلر کے اس غیر قانونی اور غیر اخلاقی عمل پر نظرِثانی کرتے ہوئے ان احکامات کو معطل کرکے میرٹ پر فیصلے اور تعیناتی کی توقع رکھتے ہیں۔
امید ہے کہ درخواست پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔

العارض
محمد اسماعیل طارق المعروف طارق اسماعیل
ایم فل سرائیکی ۔ایم اے ماس کمیونیکشن
ایگزیکٹو ممبر گورننگ باڈی ملتان پریس کلب ملتان
ڈیلیگیٹ ملتان یونین آف جرنلسٹس(پی ایف یو جے)
سابق نائب صدر ملتان یونین آف جرنلسٹس

Author

Editor Hum Daise
ADMINISTRATOR
PROFILE

Posts Carousel

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked with *

Latest Posts

Top Authors

Most Commented

Featured Videos

Author