مدیراعلی: ندیم اجمل عدیم


روزوں کے ایام اور پاکستان کے لیے رحمت اور کرسچین مسلم مکالمہ

روزوں کے ایام اور پاکستان کے لیے رحمت اور کرسچین مسلم مکالمہ

Author Editor Hum Daise View all posts

تحریر:فادرخالد رشید عاصی
پاکستان کی سرزمین ہمیشہ سے مذاہب کے تنوع اور باہمی احترام کی علامت رہی ہے۔ کئی بار ایسا ہوا کہ مسلمانوں کا بابرکت مہینہ رمضان اور مسیحیوں کے روزوں کا مقدس موسم ایک ہی وقت میں آئے۔ یہ اتفاق نہیں بلکہ روحانی پیغام ہے—کہ انسان، چاہے کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتا ہو، خود احتسابی، توبہ، دعا اور خیرات کے ذریعے اپنے رب کے قریب ہوتا ہے۔
اسلام میں روزہ فرض ہے؛ یہ بھوک اور پیاس کا نام نہیں بلکہ نفس کی تربیت ہے۔ اسی طرح مسیحی روایت میں یہ موسم توبہ، روزہ، قربانی اور خاموش دعا کا دور ہے۔ دونوں مذاہب ہمیں یہ سکھاتے ہیں کہ اصل روزہ زبان، نگاہ اور دل کا ہے۔ اگر دل صاف نہ ہو تو خالی معدہ کسی کام کا نہیں۔
یہ کتنا خوبصورت منظر ہوگا کہ پاکستان میں مسلمان افطار کی تیاری کریں اور مسیحی اپنی تیاری میں مصروف ہوں، مگر دونوں ایک دوسرے کے احترام میں کھڑے ہوں۔ دعا اپنی اپنی، وقت اپنا اپنا، مگر نیت ایک—امن، خیر اور وطن کی بھلائی۔
آج جب مہنگائی عام آدمی کی کمر توڑ رہی ہے تو یہ بھی ضروری ہے کہ روزوں کے ایام میں اشیائے خورد و نوش سستی اور میسر ہوں۔ رمضان بازار لگیں یا نہ لگیں، اصل تقاضا یہ ہے کہ آٹا، چینی، سبزی اور دال عام آدمی کی پہنچ میں ہوں۔ روزہ عبادت ہے، اسے آزمائش نہ بنایا جائے۔
اسی طرح اگر مسلم اور کرسچن خاندان مل بیٹھ کر افطاریاں کریں—تو یہ محض کھانے کی محفل نہیں ہوگی بلکہ محبت کی میز ہوگی۔ ایک مسلمان اپنے مسیحی بھائی کو افطار پر مدعو کرے اور ایک مسیحی اپنے مسلمان دوست کو لینٹ کی سادگی میں شریک کرے—تو یہ پاکستان کے لیے عملی دعا ہوگی۔
روزہ ہمیں سکھاتا ہے کہ انسان صرف روٹی سے نہیں جیتا، بلکہ محبت، برداشت اور قربانی سے زندہ رہتا ہے۔ اگر ان ایام میں ہم ایک دوسرے کے عقیدے کا احترام کریں، نفرت کی زبان بند کریں اور خیرات میں دل کھول دیں تو یقیناً یہ دن پاکستان کے لیے رحمتوں کا سبب بن سکتے ہیں۔
آئیے اس بار روزہ صرف پیٹ کا نہ رکھیں بلکہ دل کا بھی رکھیں۔
نفرت سے پرہیز کریں، محبت کی افطار کریں۔
یہی مسلم کرسچن مکالمہ ہے—
یہی پاکستان کی اصل خوبصورتی ہے

Author

Editor Hum Daise
ADMINISTRATOR
PROFILE

Posts Carousel

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked with *

Latest Posts

Top Authors

Most Commented

Featured Videos

Author