مدیراعلی: ندیم اجمل عدیم


اکبر الہ آبادی کا مضمون اور ایک قرارداد

اکبر الہ آبادی کا مضمون اور ایک قرارداد
New York Fashion Week photo gallery.Marty Smith, Unsplash.

اکبر آلہ آبادی کی شاعری میں بغاوت اور قدامت پسندی کے اجزا کو الگ الگ کرنا ایسا ہی دشوار ہے جیسا ہماری تاریخ میں آزادی کی جدوجہد اور قدیم بندوبست کے احیا میں فرق کرنا۔ 1857 کی جنگ قابض غیر ملکی حکمرانوں کے خلاف بغاوت تھی یا مقامی باشندوں کے لئے حق حکمرانی کا حصول؟

اکبر آلہ آبادی کی شاعری میں بغاوت اور قدامت پسندی کے اجزا کو الگ الگ کرنا ایسا ہی دشوار ہے جیسا ہماری تاریخ میں آزادی کی جدوجہد اور قدیم بندوبست کے احیا میں فرق کرنا۔ 1857 کی جنگ قابض غیر ملکی حکمرانوں کے خلاف بغاوت تھی یا مقامی باشندوں کے لئے حق حکمرانی کا حصول؟ اگر ہندوستان کے ساحلوں پر اترنے والے گورے اجنبی تھے تو وسط ایشیا سے نازل ہونے ہونے والے سلطان، مغل اور ابدالی حکمرانوں کا وادی سندھ اور گنگا جمنی تہذیب سے کیا ناتا تھا؟ اگر سراج الدین بہادر شاہ ظفر دہلی میں ’مسلمان بادشاہت‘ کا دفاع کر رہا تھا تو جھانسی (بنارس) سے اٹھنے والی لکشمی بائی اور اس کا مرہٹہ جرنیل تانتیا ٹوپے کس کے لئے لڑ رہے تھے؟ تاریخ کے بہت سے سوالات کا جواب گزرتے ہوئے حالات میں تبدیل ہوتا رہتا ہے۔ ان دنوں امریکا کی انتخابی مہم میں 1860 کی دہائی میں ہونے والی خانہ جنگی پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ اور ری پبلیکن پارٹی کے قدامت پسند حلقے سوال اٹھا رہے ہیں کہ کیا غلامی کے خاتمے کے لئے جنوبی امریکا کی زرعی اشرافیہ سے جنگ کرنا درست تھا؟ مقصد اس مباحثے کا یہ ہے کہ آمدہ نومبر کے انتخابات میں روایتی طور پر قدامت پسند سفید فام جنوب سے ووٹ بٹورے جا سکیں۔ ثابت ہوا کہ تاریخ دائروں میں سفر کرتی ہے۔ رواں صدی کے آغاز تک یہ خیال بھی محال تھا کہ امریکا کے بانی قائدین میں شمار ہونے والے ابراہم لنکن کی سیاسی بصیرت پر انگلی اٹھائی جا سکے گی۔

لنکن کا ذکر ہوا تو برطانیہ کے وسط مشرقی شہر لنکن شائر کا خیال آیا جہاں 1846 میں پیدا ہوانے والے جیمز ڈاسن نامی ایک شخص نے 1865 میں جوتوں کا کاروبار شروع کیا تھا۔ یہ وہی جیمز ڈاسن ہے جس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے، پردے، پوری، کچوری، اونٹ اور گائے کے عاشق اکبر الہ آبادی نے لکھا تھا، ’بوٹ ڈاسن نے بنایا، میں نے اک مضموں لکھا۔ ملک میں مضموں نہ پھیلا اور جوتا چل گیا‘۔ ان دنوں ہمارے ملک میں بھی ایک مضمون پر جوتا چل رہا ہے جو ہفت روزہ اکنامسٹ کے حالیہ شمارے میں سابق وزیر اعظم عمران خان کے نام سے شائع ہوا ہے۔ اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے زیر حراست ’بانی تحریک انصاف‘ نے اس مضمون کی ذمہ داری قبول کی ہے لیکن یہ واضح نہیں کر پائے کہ جیل میں انہوں نے یہ مضمون کب لکھا، کیسے ٹائپ کیا اور کیسے برطانوی جریدے تک پہنچایا؟ ادھر 5 جنوری بروز جمعہ ایوان بالا کے چودہ ارکان کی ’بھاری اکثریت‘ نے ’آزاد رکن سینیٹ‘ دلاور خان کی پیش کردہ ایک قرارداد قواعد و ضوابط کو روندتے ہوئے منظور کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 8 فروری کو ہونے والے انتخابات شدید سردی اور امن و امان کی صورت حل کے پیش نظر موخر کر دیے جائیں۔ یہ قرار داد بھی عمران خان کے مضمون کی طرح ’بے نامی سودا کاری‘ کا نمونہ ہے۔ پیپلز پارٹی کے ایوان میں موجود واحد رکن بہر مند تنگی اب کانوں پر ہاتھ رکھ رہے ہیں کہ انہوں نے اس قرارداد کی حمایت نہیں کی۔ مسلم لیگ کے رکن سینیٹ افنان اللہ واحد سینیٹر تھے جن کی مخالفت ریکارڈ پر آ سکی۔ البتہ یہ قضیہ صاف نہیں ہو سکا کہ 100 ارکان میں سے صرف 14 کی موجودگی پر کورم کی نشان دہی کیوں نہیں کی گئی؟

15 دسمبر 2023 کی رات گہری ہو رہی تھی۔ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس محترم فائز عیسیٰ نے انتخابات کے التوا کے خلاف آئینی درخواست پر اپنا حکم لکھوانا شروع کیا۔ یہ سماعت قومی نشریاتی ذرائع پر براہ راست نشر ہو رہی تھی۔ آپ کو یاد ہو گا کہ اس دوران تحریک انصاف کی حامی ایک خاتون وکیل نے مداخلت کی کوشش کی تھی جس پر معزز چیف جسٹس نے انہیں سرزنش کی تھی۔ عین اس وقت ملک کے ایک معروف صحافی کا فون بج اٹھا۔ ان کے کسی ’ذرائع‘ کا فون تھا۔ صحافی اپنے ’ذرائع‘ کا انکشاف نہیں کیا کرتے۔ تاہم انہوں نے اردگرد بیٹھے ساتھیوں کو صرف یہ بتایا کہ چیف جسٹس کے فیصلے کی سمت بھانپتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے سنگل بنچ کا فیصلہ تو 8 فروری کے انتخابات پر پہلا حملہ تھا۔ ابھی اس طرح کی مزید کوششیں کی جائیں گی۔ یہ سن کر شرکائے محفل کو اندازہ ہو گیا کہ انتخابات کے التوا میں کسے دلچسپی ہے۔ نگران حکومتیں اس معاملے میں یکسو ہیں۔ عدلیہ کا فیصلہ دو ٹوک ہے۔ ملک کی معیشت انتخابات کے دھاگے سے معلق ہے۔ انتخابی معرکے میں اترنے والی اہم سیاسی جماعتوں کا مفاد انتخابات کے بروقت انعقاد میں ہے البتہ کچھ زیر آب سمندری دھارے اور زیر زمین قوتیں ٹھیک اسی طرح 26 اکتوبر 2024 کے انتظار میں ہیں جس طرح تحریک انصاف کے سربراہ 29 نومبر 2022 سے خائف تھے۔

کیا قیامت ہے کہ 25 کروڑ عوام کے سیاسی اور معاشی مفادات کو مختلف عہدوں پر تقرری اور سبکدوشی کے کچے دھاگوں سے باندھا جا رہا ہے۔ عمران خان نے اپنے مضمون میں 9 مئی کے واقعات کو ”فالس فلیگ آپریشن“ قرار دیا ہے۔ شاید انہیں یاد نہیں کہ ان واقعات کے بعد بھی انہوں نے اپنی دوبارہ ممکنہ گرفتاری پر عدالت میں دوبارہ ایسے ہی ردعمل کی دھمکی دی تھی۔ گویا عمران خان اس فالس فلیگ آپریشن کی ذمہ داری قبول کر چکے ہیں۔ مذکورہ مضمون میں عمران خان صاحب نے الیکشن کمیشن کی توہین کے مقدمے کو محض ’تنقید‘ کا ردعمل قرار دیا ہے۔ وہ بھول رہے ہیں کہ انہوں نے چند روز قبل الیکشن کمیشن کے ارکان کو نام اور چہرے پہچاننے کا دعویٰ کرتے ہوئے آرٹیکل چھ کے اطلاق کی دھمکی دی ہے۔ ایسی دھمکی محض ’تنقید‘ نہیں ہوتی۔ ہمیں اپنی تاریخ مستحضر ہے۔ ہم نومبر 1968 میں فوج کے جج ایڈوکیٹ جنرل بریگیڈیئر قاضی کے کردار سے بھی واقف ہیں اور نومبر 1971 میں دورہ چین کے دوران جنرل گل حسن اور ایر مارشل رحیم کے گٹھ جوڑ کا فسانہ بھی ہمارے حافظے میں محفوظ ہے۔ پراجیکٹ عمران خان ناکام ہو چکا ہے۔ ملک کو مضحکہ خیز سازشوں کی بجائے ایک شفاف انتخابی عمل کے ذریعے سیاسی اور معاشی طور پر آگے بڑھنے کا موقع ملنا چاہیے۔

Author

2 comments
HumDaise
ADMINISTRATOR
PROFILE

Posts Carousel

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked with *

2 Comments

  • Alex Holden
    March 6, 2015, 3:03 pm

    Donec ipsum diam, pretium maecenas mollis dapibus risus. Nullam tindun pulvinar at interdum eget, suscipit eget felis. Pellentesque est faucibus tincidunt risus id interdum primis orci cubilla gravida.

    REPLY
  • Linda Gareth
    March 6, 2015, 3:03 pm

    Maecenas dolor, sot donec ipsum diam, pretium gravida nulla maecenas mollis dapibus risus. Nullam tindun pulvinar at interdum eget, suscipit eget felis. Pellentesque est faucibus tincidunt.cubilla gravida.

    REPLY

Latest Posts

Top Authors

Most Commented

Featured Videos

Author