Author Editor Hum Daise View all posts
تحریر : – سید ثاقب نقوی
پروفیسر ڈاکٹر فرحان فتح جنگ ایک بین الاقوامی شہرت یافتہ نیورو سرجن ہیں جنہوں نے دنیا بھر میں اپنی مہارت، محنت اور خلوص سے نہ صرف اپنا نام بنایا بلکہ انسانیت کی خدمت کا روشن مثال بھی قائم کی۔ انہوں نے بڑی کامیابیوں کے باوجود اپنی جڑوں، اپنے گاؤں اور اپنے والدین کو ہمیشہ یاد رکھا۔ ان کے دل میں ہمیشہ یہ خواہش رہی کہ وہ اپنے والدین کے نام پر ایسا کام کریں جو آنے والی نسلوں کے لیے ایک مثال ہو۔اسی جذبے کے تحت انہوں نے اپنے والد “فتح جنگ” اور والدہ “فیروزہ بی بی” کے نام سے “فیروزہ فتح جنگ ہسپتال” کی بنیاد رکھی۔ یہ ہسپتال میانچنوں کے قریب ان کے آبائی گاؤں میں قائم کیا گیا ہے اور نہ صرف خانیوال بلکہ وہاڑی، شورکوٹ، کبیر والا، اور دیگر اردگرد کے علاقوں کے لیے ایک عظیم نعمت بن چکا ہے۔ اس ہسپتال کا قیام اس خواب کی تکمیل ہے جس میں ڈاکٹر فرحان نے اپنے علاقے کے عوام کو بہترین اور جدید طبی سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کا عزم کیا تھا۔فیروزہ فتح جنگ ہسپتال میں جدید ترین طبی سہولیات مہیا کی گئی ہیں، جو عام طور پر صرف بڑے شہروں کے مہنگے ہسپتالوں میں دستیاب ہوتی ہیں۔ ان میں سب سے نمایاں سہولتیں ایم آر آئی (MRI) اور سی ٹی سکین (CT Scan) کی مشینیں ہیں۔ یہ خانیوال اور اس کے گرد و نواح کا پہلا اور واحد ادارہ ہے جہاں یہ دونوں جدید ترین تشخیصی سہولتیں ایک ہی جگہ پر دستیاب ہیں۔ اس سے قبل مریضوں کو ان ٹیسٹوں کے لیے لاہور یا ملتان جانا پڑتا تھا، جو وقت، پیسہ اور صحت تینوں کے لیے نقصان دہ ہوتا تھا۔ اب مقامی مریض بآسانی اپنے قریب ترین علاقے میں ان جدید ٹیسٹوں سے مستفید ہو رہے ہیں۔اس کے علاوہ ہسپتال میں ایک مکمل ایمرجنسی یونٹ قائم ہے جو دن رات چوبیس گھنٹے کام کرتا ہے۔ ہسپتال میں ڈیجیٹل ایکسرے، الٹراساؤنڈ، لیبارٹری ٹیسٹس، فزیو تھراپی یونٹ، گائنی وارڈ، جنرل اور سپیشلسٹ او پی ڈیز، بچوں، جلد، ہڈیوں، دل اور دماغ کے امراض کے ماہرین موجود ہیں۔ ہر مریض کو نہایت عزت، خلوص اور احترام کے ساتھ دیکھا جاتا ہے۔ڈاکٹر فرحان فتح جنگ خود ہفتے میں پانچ دن اپنے گاؤں میں موجود فیروزہ فتح جنگ ہسپتال میں مریضوں کا معائنہ کرتے ہیں جبکہ باقی دو دن وہ لاہور کے شریف سٹی ہسپتال میں اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انجام دیتے ہیں۔ یہ امر نہایت اہم ہے کہ ایک بین الاقوامی شہرت یافتہ نیورو سرجن اپنی مصروفیات کے باوجود اپنے علاقے کے عوام کو ترجیح دیتے ہیں۔ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ ان کی اصل کامیابی اسی وقت مکمل ہو گی جب ان کے گاؤں کے لوگ بھی جدید علاج سے مستفید ہوں۔اس ہسپتال کے قیام کے بعد علاقے کے عوام کی مشکلات میں واضح کمی آئی ہے۔ جو لوگ پہلے چھوٹے چھوٹے مسائل کے علاج کے لیے بڑے شہروں کے دھکے کھاتے تھے، اب وہ اسی علاقے میں نہ صرف علاج کروا رہے ہیں بلکہ ان کے دلوں میں اطمینان اور چہروں پر سکون دکھائی دیتا ہے۔ مقامی لوگ اس ہسپتال کو صرف ایک ادارہ نہیں بلکہ “خدمت کا مرکز” اور “خلوص کی علامت” سمجھتے ہیں۔ڈاکٹر فرحان فتح جنگ کا کہنا ہے کہ یہ ہسپتال ان کی زندگی کا سب سے قیمتی کارنامہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کے والدین کا نام صرف گھر کے اندر نہیں بلکہ معاشرے میں خدمت کی ایک مثال کے طور پر زندہ رہے۔ ان کی خواہش ہے کہ آنے والے وقتوں میں اس ہسپتال کو ایک مکمل میڈیکل کالج اور ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں تبدیل کیا جائے تاکہ اس علاقے کے نوجوان بھی اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے اسی مشن کو آگے بڑھائیں۔فیروزہ فتح جنگ ہسپتال ایک بیٹے کی محبت، ایک ماہر ڈاکٹر کی سوچ، اور ایک انسان دوست شخصیت کے خواب کی تعبیر ہے۔ یہ ہسپتال ایک ایسا چراغ ہے جو نہ صرف بیماریوں کا اندھیرا ختم کرتا ہے بلکہ امید، ہمدردی اور انسانیت کی روشنی پھیلاتا ہے۔ ڈاکٹر فرحان فتح جنگ نے یہ ثابت کر دیا کہ اگر نیت نیک ہو اور جذبہ سچا ہو تو ایک فرد بھی ہزاروں زندگیاں بہتر بنا سکتا ہے۔
Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *