Author Editor Hum Daise View all posts
ایڈووکیٹ لعذر اللہ رکھا
ضلع بہاولپور کی ایک تحصیل یزمان بھی ھے جورقبہ کے لحاظ سے پنجاب کی سب سے بڑی تحصیل ھے چولستان کا وسیع رقبہ بھی اسی تحصیل میں آتا ھے کچھ سال قبل اسی علاقے کا ایک کیس میرے پاس آیا، کنہیا رام ایک غریب مزارع کی 15 سالہ بیٹی کرشمہ دیوی پر اس کے زمیندار کا دل آگیا تھا کنہیا رام کے گھر آنا جانا شروع کیا روایتی حربہ استعمال کرتے ھوۓ بچوں کا چچا بن گیا بلا وجہ نوازشات کرنے لگا ساتھ میں کھانا پینا بھی شروع کردیا اور پھر ایک دن کرشمہ گھر سے غائب ہوگئی پتہ چلا کہ زمیندار نے اغواء کرلیا ھے ،ھزار کوششوں کے باوجود غریب کے ایک نہ چلی مذھب اور کلاس آڑے آگئے اور ایف آئی آر درج نہ ھوئی اور نہ ھونی تھی کیونکہ کاغذات میں کرشمہ نے مذھب تبدیل کر کے زمیندار سے شادی کرلی تھی پولیس نے کنہیا رام کے ھاتھ میں نکاح نامہ اور تبدیلی مذھب کے سرٹیفکیٹ پکڑا کر چلتا کیا، بیچارہ روتا دھوتا میرے پاس پہنچا، بچی نابالغ تھی عدالت میں حبس بے جا کی پٹیشن ڈال دی ،کرشمہ کو بذریعہ پولیس برآمد کیا گیا لڑکی کے ساتھ ھی نکاح نامہ اور تبدیلی مذھب کے سرٹیفکیٹ بھی عدالت پہنچ گئے جج صاحب نے کہا کہ وکیل صاحب لڑکی نے مذھب تبدیل کرلیا ھے اور شادی کرلی ھے ،کیس نہیں بنتا روسٹرم چھوڑ دیں ،عرض کیا حضور والا لڑکی نابالغ ھے، مذھب تبدیل نہیں کرسکتی اور نابالغ لڑکی کی شادی غیر قانونی ھے، جج صاحب نے فرمایا آپ کی بحث سن لی ھے اور کیس خارج ھی کرنے لگے تھے کہ ایک آخری کوشش کی، مائی لارڈ، دلہے کی عمر پچاس سال ھے اور لڑکی کی عمر پندرہ سال ھے، عمروں میں بہت فرق ھے، دلہا پہلے سے ھی شادی شدہ ھے اور چار بچوں کا باپ ھے اور پہلی بیوی بھی حیات ھے ،تو کیا ھوا جج صاحب نے فرمایا، پھر کوشش کی اور عرض کیا کہ سر ذرا نکاح نامہ تو ملاحظہ فرما لیجیے ،کیا ھے نکاح نامہ میں جج صاحب نے ناگواری سے پوچھا ،عرض کی ،جناب نئی دلہن کا حق المہر تین ھزار مقرر کیا گیا ھے، اگر کل کو بزرگوار دلہے (زمیندار )کا دل بھر گیا تو معصوم بچی تین ھزار لیکر کدھر جاۓ گی, ویسے بھی اب اس بیچاری کے پاس بچا ھی کیا ھے، سارے خونی رشتے تو بھلی چڑھا دیے گئے ھیں اور بیچاری کا بچپن کہیں راستوں میں کھو گیا ھے، یہ بات سن کر جج صاحب نےریڈر سے فائل واپس لی اور دلہا سے پوچھا پہلی بیوی کو کتنا حق المہر دیا تھا،بتایا گیا کہ چار ایکڑ، پھر پوچھا کہ زمین کتنی ھے، بتایا کہ پچاس ایکڑ، جج صاحب نے حکم دیا، کہ دلہا کرشمہ کے نام دو ایکڑ اراضی بطور ایڈیشنل حق المہر کا انتقال کل صبح عدالت میں پیش کرے ،اگلی صبح کیس کی شنوائی ھوئی، ایڈیشنل حق المہر کا انتقال تونہ آیا البتہ کرشمہ کا طلاق نامہ عدالت میں پیش کر دیا گیا۔
کہانی کے اصلی نام تبدیل کر دئیے ھیں مماثلت محض اتفاق ھوگی۔


















Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *