مدیراعلی: ندیم اجمل عدیم


اقلتوں کی عبادتگاہوں کے سیکورٹی کےمسائل

اقلتوں کی عبادتگاہوں کے سیکورٹی کےمسائل

  Author Editor Hum Daise View all posts

 

تحریر: عقیل پرویز

میں ایک صحافی ہوں اور میرا تعلق مسیحی کمیونٹی سے ہے میں ہر اتوار کو جب چرچ جاتا ہوں مجھے ایک ہی دھڑکا لگا رہتاہے کہ خد انخواستہ کچھ گڑبڑ یا حادثہ نہ ہوجائے۔میں نے یوحنا آباد چرچ ۱۵ مارچ ۲۰۱۵ کو میں ہونے والی دہشت گردی اور بم دھماکے کی کوریج کی ہے اس میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے مسیحوں کو قریب سے آہ و بکا کرتے دیکھا ہے۔ ان حملوں میں ۱۵ سے زائد افراد جاں بحق اور ۷۰ سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ زخمیوں اور لواحقین نے انہوں نے مجھے بتایا تھا کہ کس طرح وہ عبادت میں مشغول تھے اور اچانک بم دھماکہ ہوگیا جس سے ان کے پیارے جان کی بازی ہار گئے۔ان میں سے متعدد کو تو یہ بھی نہیں معلو م ہوسکا تھا کہ دہشت گرد کب چرچ میں داخل ہوئے کب انہوں نے بم لگایا اور کب یہ بم پھٹ گیا ۔انہیں تو بس یہی معلوم تھا کہ وہ روٹین کے مطابق اتوار کے روز عبادت کے لئے چرچ میں آئے تھے ۔ ان کےتو وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ اس اتوار کی عبادت ان کے لئے ایسا صدمہ اور زخم لے کر آئے گی جس کو صدیوں نہیں بھلایا جا سکے گا۔عبادت گاہ میں فائرنگ یا دہشت گردی کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں تھا۔ اس سے قبل بھی پشاور میں چرچ میں خونین دہشت گردی ہوچکی تھی جس میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئی تھیں۔اس سانحہ کے بعد حکومت کی جانب سے متعدد بار اقلیتوں کی عبادتگاہوں کے لئے فول پروف سیکورٹی کے انتظامات کے دعوے کئے جاتے رہے ہیں ان سانحات کے بعد اقلیتوں کی عبادتگاہوں کے لئے کس قسم کی سیکورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں یہ جاننے سے قبل ان واقعات کا جائزہ لینا ضروری ہے جس میں اقلیتوں کی عبادتگاہوں کو نشانہ بنایا گیا

سانحہ پشاور اور سانحہ یوحنا آباد
یہ ۲۲ستمبر ۲۰۱۳کا واقعہ ہے پشاور کے آل سینٹس چرچ میں اتوار کی عبادت جاری تھی کہ صبح کے ۱۱بجے کے قریب دو خود کش حملہ آوروں نے چرچ میں داخل ہو کر پہلے فائرنگ کی اور پھر خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں ۸۰افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ ۱۰۰سے زائد زخمی ہوئے ایک اندازے کے مطابق جس وقت دہشت گردی کی واردات ہوئی چرچ میں ۵۰۰کے لگ بھگ مسیحی عبادت میں مصروف تھے یہ سانحہ اس قدر خوفناک تھا کہ اس کے اثرات آج تک محسوس کئے جاتے ہیں پشاور کے رہنے والوں کا کہنا ہے کہ پشاور کا کوئی مسیحی خاندان ایسا نہیں ہوگا جس کا کوئی فرد اس سانحہ میں زخمی یا ہلاک نہ ہوا ہو-اس سانحہ کے بعد قومی اور عالمی سطح پر اقلیتوں کی تحفظ کے حوالے سے آوازیں اٹھائی جانے لگی اور حکومت کی جانب سے دعوی بھی کیا گیا کہ اقلیتوں کی عبادتگاہوں کی موثر سیکورٹی کے لئے انتظامات کئے جائیں گے مگر اس سانحہ کے دوسال بعد ہی مارچ ۲۰۱۵ میں یوحنا آباد کے دو گرجاگھروں پر بیک وقت دہشت گردوں نے حملے کئے جس کے نتیجے میں ۱۵افراد جا ں بحق جبکہ ۷۰سے زائد زخمی ہوگئے جس کے بعد گرجاگھروں کی سیکورٹی اور عبادات کے حوالے سے مسیحوں میں خوف کی ایک لہر دوڑ گئی جو کہ آج تک قائم ہے

عبادتگاہوں کے تحفظ کے لئے حکومتی اقدامات
اقلیتوں کی عبادتگاہوں خاص کر چرچز کی سیکورٹی کے حوالے سے حکومت کی جانب سے جو اقدامات کئے جاتے ہیں یہ بظاہر تو فول پروف ہیں مگر اس کی حقیقت کچھ اور ہے کرسمس اور ایسٹر مسیحوں کے دو بڑے تہوار ہیں جن کے لئے کسی حد تک سیکورٹی کے موثر انتظامات کئے جاتے ہیں بڑے گرجا گھروں کے باہر واک تھرو گیٹ نصب کئے جاتے ہیں جبکہ مسیحی آبادیوں میں پولیس کے گشت کے انتظامات بھی ہوتے ہیں مگر اتوار کی عبادات اور اور عام دنوں میں یہ اقدامات نظر نہیں آتے ہیں بڑے اور مرکزی گرجا گھروں کے باہر ایک یا دو پولیس والے کھڑے کر دئیے جاتے ہیں جبکہ گنجان آباد علاقوں اور گلی محلوں میں واقع گرجا گھروں ے باہر پولیس والے نہیں ہوتے حالانکہ یہاں پر ان کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے مگر اس کے باوجود نظر یہ آتا ہے انتظامیہ کی دلچسپی صرف بڑے اور مرکزی گرجا گھروں کو سیکورٹی فراہم کرنے کی حد تک ہے جبکہ گنجان آباد ی والے علاقوں میں دہشت گردی کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے ۔ چرچ کے نمائندوں اور اقلیتی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے ۲۰۱۴ میں اقلیتوں کی عبادتگاہوں کی حفاظت کے لئے خصوصی پولیس فورس بنانے کا حکم دیا تھا مگر اس پر عمل نہیں ہوا۔ ایمپلیمنٹیشن مائنارٹی رائٹس فورم کے سربراہ سیموئل پیارا نے عدالتی فیصلے کو نظرانداز کئے جانے پر توہینِ عدالت کی کارروائی کا اعلان کیا تھا۔ یوحنا آباد کے رہائشی نپولین قیوم کے مطابق حملے سے پہلے مقامی تھانے سے چرچ کے لئے واک تھرو گیٹ کی درخواست کی گئی تھی مگر یہ انتظام نہیں کیا گیا تھا۔ وکٹری چرچ کے پاسٹر نبیل کا کہنا ہے کہ “ہمارے چرچ میں اتوار کی عبادت کے دوران چھ سات رضاکار سیکورٹی کی ڈیوٹی دیتے ہیں جن کے پاس نہ جدید آلات ہیں اور نہ باقاعدہ تربیت۔ پولیس عموماً صرف کرسمس اور ایسٹر پر نظر آتی ہے۔ ہم نے کئی بار تھانے میں درخواست دی کہ واک تھرو گیٹ اور اہلکار فراہم کئے جائیں مگر وسائل کی کمی کا کہہ کر بات ٹال دی جاتی ہے۔ یوحنا آباد کے سانحے کے بعد بھی ہمارے نوجوان اپنی جان خطرے میں ڈال کر گیٹ پر کھڑے ہوتے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ ہر اتوار کو ہر چرچ پر پولیس تعینات کی جائے اور رضاکاروں کو باقاعدہ تربیت دی جائے۔”

عبادتگاہوں کی سیکورٹی کے ازخود انتظامات اور خدشات
حکومت کی جانب سے سیکورٹی کے موثر انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے گرجا گھروں کے منتظمین کی جانب سے ازخود سیکورٹی کے انتظامات کئے جاتے ہیں جن کے تحت گرجا گھروں کے باہر رضاکار ( مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد ) کو کھڑا کردیا جاتاہے چند ایک یا بڑے گرجا گھروں کی جانب سے تو ان رضاکاروں کی ٹریننگ کا انتظام کیا جاتاہے جس میں انہیں عبادت میں آنے والے افراد کی چیکنگ اور مشکوک ا افراد پر نظر رکھنے بارے بتایا جاتاہے مگر زیادہ تر گر جا گھرو ںکے پاس چونکہ وسائل نہیں ہوتے اس وجہ سے ان کے لئے اس ٹریننگ کا اہتمام کرنا مشکل ہوتاہے جس کی وجہ سے وہ چرچ کے ممبران میں کچھ افراد کو سیکورٹی کی ذمہ داری سونپ دیتے ہیں تربیت نہ ہونے کی وجہ سے یہ ممبران دہشت گردوں کے حملے کی صورت میں کسی قسم کا مقابلہ نہیں کرسکتے ہیں جس کی ایک مثال یوحنا آباد کے کاتھولک چرچ کی ہے جس میں دہشت گردوں کے حملہ میں ۲۰ سالہ رضاکار نوجوان آکاش بشیر بھی جاں بحق ہوگیا تھا جس نے خودکش حملہ آور کو چرچ کے گیٹ پر روک لیا تھا۔ (حوالہ: ویٹیکن نیوز، فروری ۲۰۲۲؛ یو سی اے نیوز، مارچ ۲۰۱۶۔ آکاش بشیر کو پوپ فرانسس نے ۲۰۲۲ میں “خادمِ خدا” قرار دیا)۔

اقلیتوں کا مطالبہ
اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کا کہنا ہے کہ حکومت صورتحال کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے اقلیتوں کی تمام عبادتگاہوں کے لئے سیکورٹی کے موثر انتظامات کرے تاکہ کسی قسم کی دہشت گردی کی صورت میں جانی اور مالی نقصان سے بچا جا سکے اقلیتوں کی عبادتگاہوں خاص کر گرجا گھروں کے تحفظ کے لئے مسیحی سیاسی و سماجی رہنماؤں سمیت گرجا گھروں کے منتظمین ( پاسٹرز اور چرچ لیڈرز ) کی مشاورت سے جامع سیکورٹی پلان تشکیل دیا جائے جس کے لئے ہر گرجا گھر میں عبادت کے موقع پر پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے اور اس کے ساتھ مسیحی رضاکاروں کے لئے ٹریننگ کا اہتمام بھی کیا جائے تا کہ وہ ازخود بھی مشکوک افراد اور صورتحال پر نظر رکھتے ہوئے عبادت کے لئے آئے افراد کے جان و مال کا تحفظ کر سکیں۔ اقلیتی حقوق کے سرگرم رہنما سیموئل پیارا کا کہنا ہے کہ ہم سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کے لئے قانونی چارہ جوئی جاری رکھیں گے، جبکہ سندھ اسمبلی کے مسیحی رکن اسمبلی انتھونی نوید کے مطابق چرچ رہنماؤں کے خدشات کے بعد پولیس نے نوجوان رضاکاروں کی تربیت کا انتظام کیا ہے۔ لاہور پولیس کے ترجمان نے ۲۰۱۱ میں کرسمس کے موقع پر اے ایف پی کو بتایا تھا کہ شہر کے ۴۳۳ گرجا گھروں میں سے ۳۸ کو انتہائی حساس قرار دے کر ہر ایک پر سات اہلکار اور ایک سنائپر تعینات کیا جاتا ہے اور داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ لگائے جاتے ہیں۔اے ایس آئی رانا عمران نے چرچز کی حفاظت کے حوالے سے بتایا کہ “ہمارے پاس علاقے کی حساس عبادتگاہوں کی فہرست موجود ہے۔ کرسمس اور ایسٹر پر اضافی نفری اور واک تھرو گیٹ کا انتظام کیا جاتا ہے، جبکہ عام اتوار کو بڑے اور حساس گرجا گھروں پر ایک دو اہلکار تعینات ہوتے ہیں۔ نفری کی کمی کی وجہ سے ہر گلی محلے کے چرچ پر مستقل ڈیوٹی ممکن نہیں، البتہ وہاں پولیس کی گشتی ٹیمیں چکر لگاتی ہیں۔ ہم چرچ انتظامیہ سے رابطے میں رہتے ہیں اور رضاکاروں کو چیکنگ اور مشکوک افراد کی نشاندہی کے بارے میں بریفنگ بھی دیتے ہیں۔”

Author

Editor Hum Daise
ADMINISTRATOR
PROFILE

Posts Carousel

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked with *

Latest Posts

Top Authors

Most Commented

Featured Videos

Author