Author Editor Hum Daise View all posts
رپورٹ : کنزہ کنول
بھارت نے پاکستان کے دفاعی عزم کو کمزور سمجھ کر فضائی و زمینی حملہ کیا لیکن اسے شدید خفت اٹھانا پڑی اور اپنے 7 جنگی طیاروں کے نقصان کرکے منہ کی کھانی پڑی۔ بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم اور “مودی ڈاکٹرائن” نے پورے خطے کو خطرات سے دو چار کر دیا ہے تاہم پاکستان نے اپنی غیر معمولی ثابت قدمی اور بہادری سے بھارت کو واضح پیغام دیا ہے کہ وہ اب خطے میں اکیلا طاقتور ملک نہیں رہا۔ ان خیالات کا اظہار سابق چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل (ر) زبیر محمود حیات نے ایوان قائد ، نظریۂ پاکستان کونسل میں آپریشن بنیان المرصوص، معرکۂ حق کے حوالے سے “جنوبی ایشیا میں سلامتی کے پہلو اور استحکام” کے موضوع پر منعقدہ سیمینار میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے کیا جس میں ملک کی اعلیٰ عسکری و فکری قیادت نے شرکت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ 6 تا 10 مئی 2025ء کو بھارت کے خلاف پاکستان کی شاندار کامیابی ملکی تاریخ کا سنگ میل ہے۔ “معرکۂ حق” پاکستان کیلئے اللہ کا عطاء کردہ موقع تھا جس نے نہ صرف بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم خاک میں ملا دیئے بلکہ دنیا کو یہ بھی باور کرا دیا کہ پاکستان دہشت گردی کے بجائے امن و سلامتی کا خواہاں خطے کا پرامن ملک ہے۔ تقریب کے مہمان اعزاز و سابق چیف آف ائیر سٹاف ایئر چیف مارشل (ر) سہیل امان نے کہا کہ حالیہ پاک بھارت جنگ پاکستانی پائلٹس کی کایا پلٹ کاوش تھی اور دشمن کے پروپیگنڈے کے برعکس اس میں کسی دوسرے ملک کے پائلٹس شامل نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین عسکری تعاون مثالی ہے تاہم میدان جنگ میں پاکستان کے بیٹوں نے ہی دشمن کو شکست سے دوچار کیا۔ تقریب کی صدارت کرتے ہوئے نظریہِ پاکستان کونسل ٹرسٹ کے چیئرمین میاں محمد جاوید نے کہا کہ آج کا دن ہمارے لیے بہت اہم ہے کہ وطن عزیز کی سرحدوں کے محافظ، وطن کے جانثار بیٹوں نے حالیہ پاک بھارت جنگ کے حوالے سے ہمیں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ میں کسی بات کو دوہرانے کے بجانے سیلاب سے متاثرہ اپنے پاکستانی بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہوں اور یہ سمجھتا ہوں قوم کا مورال بہت بلند ہے اور وہ بڑی سے بڑی قدرتی آفت و مصیبت کا سامنا کرکے اٹھ کھڑی ہوتی ہے۔ تقریب سے سابق نیول چیف ایڈمرل (ر) عبد العزیز مرزا، ایئر وائس مارشل (ر) اکرام اللہ بھٹی، سابق سفیر و سیمینار کوآرڈینیٹر صلاح الدین چوہدری اور این پی سی کے سینئر وائس چیئرمین فیصل زاہد ملک نے بھی خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کی تاریخی کامیابی نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا اور پوری دنیا کو دکھا دیا کہ پاکستان اپنی سالمیت کے تحفظ کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ مقررین نے این پی سی کے بانی مرحوم زاہد ملک کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انکے مشن کو انکے بیٹے فیصل زاہد ملک اور گوہر زاہد ملک بڑے احسن طریقے سے آگے بڑھا رہے ہیں۔سیمینار میں ممتاز شخصیات اور نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی جن میں سابق سینیٹر رزینہ عالم خان، سابق رکن بلوچستان اسمبلی آمنہ خانم، پرتگال کے سفیر فریڈ ریکو ڈی سلوا، این سی ایچ آر کے رکن منظور مسیح، این پی سی کے ایگزیکٹو سیکریٹری گوہر زاہد ملک اور دیگر زعماء شامل تھے۔ تقریب کے اختتام پر مہمانان گرامی و مقررین کو یادگاری شیلڈ و اسناد پیش کی گئیں۔


















Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *