Author Editor Hum Daise View all posts
تحریر: کامران رشید
پنجاب کی وزیر اعلیٰ نے خطے میں جاری کشیدگی اور ممکنہ پیٹرولیم بحران کے پیش نظر صوبے میں غیر معمولی معاشی مشکلات سے نمٹنے کے لیے اہم اور غیر معمولی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ ان اقدامات کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور وسائل کے بہتر استعمال کو یقینی بنانا ہے۔وزیر اعلیٰ نے فیصلہ کیا ہے کہ پیٹرولیم بحران کے خاتمے تک صوبائی وزراء کے لیے سرکاری فیول کی فراہمی بند کر دی جائے گی، جبکہ سرکاری افسران کی گاڑیوں کے لیے پیٹرول اور ڈیزل الاونس میں فوری طور پر 50 فیصد کمی کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ صوبائی وزراء اور اعلیٰ سرکاری افسران کے ہمراہ چلنے والی اضافی پروٹوکول گاڑیوں پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے اور ناگزیر سیکیورٹی کے لیے صرف ایک گاڑی کی اجازت ہوگی۔صوبائی حکومت نے سرکاری دفاتر میں “ورک فرام ہوم” پالیسی نافذ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت صرف ضروری عملہ ہی دفاتر میں حاضر ہوگا جبکہ اضافی سپورٹ اسٹاف کی آمد و رفت محدود کر دی جائے گی۔ تاہم سرکاری کام جاری رہیں گے اور اجلاس زیادہ تر آن لائن اور ٹیلی کانفرنس کے ذریعے منعقد کیے جائیں گے۔
تعلیمی اداروں کے حوالے سے حکومت نے اعلان کیا ہے کہ صوبے بھر میں اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں 10 مارچ سے 31 مارچ تک بند رہیں گی، تاہم امتحانات اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ اس دوران تعلیمی اداروں کو آن لائن کلاسز لینے کی اجازت دی گئی ہے۔شہریوں کی سہولت کے لیے ای بزنس اور “مریم کی دستک” پروگرام کے تحت سرکاری خدمات جاری رہیں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ سرکاری آؤٹ ڈور تقریبات پر پابندی لگا دی گئی ہے اور ثقافتی تقریب ہارس اینڈ کیٹل شو کو بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی اور نگرانی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ پیٹرولیم مانیٹرنگ کمیٹیاں قائم کرنے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو پیٹرولیم مصنوعات کے لیے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم تیار کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اس ٹیم میں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔وزیر اعلیٰ نے نجی شعبے کو بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ ورک فرام ہوم کو ترجیح دیں، غیر ضروری تقریبات سے گریز کریں اور صرف ضروری عملے کو دفاتر بلائیں۔ ساتھ ہی تمام اضلاع میں ٹرانسپورٹ کرایوں کی سخت نگرانی اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
مزید برآں وزیر اعلیٰ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری خریداری اور ذخیرہ اندوزی سے گریز کریں، آؤٹ ڈور تقریبات محدود رکھیں اور لیٹ نائٹ شاپنگ سے بھی اجتناب کریں۔اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے وزیر اعظم اور آرمی چیف کے فیصلوں کو مشکل حالات میں جراتمندانہ قرار دیتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں قوم کی مجبوری کا فائدہ اٹھانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بہادر قومیں مشکل حالات کا مقابلہ اتحاد، صبر اور دانشمندی سے کرتی ہیں اور پاکستان کی عوام بھی اس آزمائش میں ثابت قدم رہیں گی

















Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *