مدیراعلی: ندیم اجمل عدیم


یومِ مئی ۔۔۔مزدور کی عظمت اور بائبل کی تعلیمات

یومِ مئی ۔۔۔مزدور کی عظمت اور بائبل کی تعلیمات

      Author Editor Hum Daise View all posts

 

 

شوکت جاوید

دنیا کی ہر ترقی، ہر تعمیر اور ہر معاشی انقلاب کے پس منظر میں ایک مزدور کا پسینہ شامل ہے۔ بلند عمارتوں سے لے کر سرسبز کھیتوں تک، کارخانوں سے لے کر شاہراہوں تک—ہر جگہ محنت کش انسان کی جدوجہد نمایاں نظر آتی ہے۔ اسی عظیم طبقے کے احترام میں ہر سال یکم مئی کو دنیا بھر میں یومِ مزدور منایا جاتا ہے۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ محنت کش طبقہ کسی بھی معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔بائبل مقدس مزدور کی عظمت کو واضح طور پر بیان کرتی ہے۔ خداوند یسوع مسیح نے فرمایا:
“کیونکہ مزدور اپنی مزدوری کا حق دار ہے۔”
(لوقا باب 10 آیت 7 )
یہ مختصر مگر جامع تعلیم اس حقیقت کو بیان کرتی ہے کہ مزدور کو اس کی محنت کا پورا حق ملنا چاہیے۔ اس کی مزدوری روکنا یا کم دینا محض سماجی ناانصافی نہیں بلکہ روحانی گناہ بھی ہے۔
پرانے عہدنامہ میں خدا فرماتا ہے:
“اور مزدور کی مزدوری تیرے پاس اگلے دن تک نہ رہے۔”
(احبار باب 19 آیت 13 )
اور مزید حکم دیا گیا:
“تو غریب اور مسکین کی مزدوری دینے سے انکار نہ کر خواہ وہ تیرا بھائی ہو یا ان پردسیوں میں سے ہو جو تیرے ملک میں تیرے پھاٹکوں کے اندر ہیں ۔”
(تثنیہ شرع باب 24 آیت 14- 15 )
یہ تعلیمات واضح کرتی ہیں کہ خدا مزدور کے حق کے معاملے میں نہایت حساس ہے۔ بائبل مزدور کے استحصال کو سختی سے رد کرتی ہے۔
“دیکھو جن مزدوروں نے تمہارے کھیت کاٹے انکی وہ مزدوری جو تم نے ظلم کرکے رکھ چھوڑی دہائی دیتی ہے اور ان فصل کاٹنے والوں کی چیخ و پکار رب الافواج کے کانوں تک پہنچ گئی یے۔”
(یعقوب باب 5 آیت 4)
یہ آیت اس بات کا اعلان ہے کہ مزدور کی حق تلفی صرف انسانوں کے خلاف جرم نہیں بلکہ خدا کے حضور بھی جواب دہی کا سبب ہے۔
پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں آج بھی مزدور طبقہ بے شمار مسائل کا شکار ہے۔ کم اجرت، طویل اوقاتِ کار، غیر محفوظ ماحول، چائلڈ لیبر اور بنیادی سہولیات کی کمی اس طبقے کی زندگی کو مشکل بنائے ہوئے ہیں۔ یہ صورتحال ہمیں سوچنے پر مجبور کرتی ہے کہ کیا ہم واقعی مزدور کے حقوق ادا کر رہے ہیں؟
یومِ مئی صرف ایک تعطیل نہیں بلکہ ایک عہد ہے—یہ عہد کہ:
ہم محنت کش طبقے کی عزت کریں گے
ان کے حقوق کا تحفظ کریں گے
بروقت اور منصفانہ اجرت کو یقینی بنائیں گے
معاشرے میں محنت کو عزت دیں گے
بائبل ہمیں یہ بھی سکھاتی ہے:
“جو کچھ کرو دل سے ایسے کرو گویا خداوند کے لئے کرتے ہو نہ کہ آدمیوں کے لئے۔”
(کلسیوں باب 3 آیت 23)
یعنی محنت خود ایک مقدس عمل ہے، اور محنت کرنے والا شخص قابلِ احترام ہے۔
آخر میں یہی کہا جا سکتا ہے کہ اگر ہم ایک منصفانہ، خوشحال اور خدا ترس معاشرہ چاہتے ہیں تو ہمیں مزدور کو صرف ضرورت کے وقت نہیں بلکہ ہر وقت عزت دینی ہوگی۔
بعقول شاعر:
مزدور کی عظمت کو ترازو میں نہ تولو،
یہ تو ہر دور میں انمول رہا ہے

 

Author

Editor Hum Daise
ADMINISTRATOR
PROFILE

Posts Carousel

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked with *

Latest Posts

Top Authors

Most Commented

Featured Videos

Author