Author Editor Hum Daise View all posts
رپورٹ: لدیہ منہاس
موجودہ پنجاب حکومت نے عوام کے ساتھ ساتھ سرکاری ملازمین کا اعتماد بھی کھو دیا ہے۔ پنجاب پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن (پی پی ایل اے) کے قائدین نے صوبائی حکومت کے 26-2025ء کے بجٹ کو ملازمین کش بجٹ قرار دیتے ہوئے اس بجٹ کو مسترد کردیا اور 30 فیصد ڈی آر اے لاگو کرنے اور تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پنجاب پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کی مرکزی صدر پروفیسر فائزہ رعنا، مرکزی سیکرٹری اطلاعات پروفیسر انجم جیمز پال ، صدر فیصل آباد ڈویژن پروفیسر ڈاکٹر خورشید اعظم، جنرل سیکرٹری فیصل آباد ڈویژن پروفیسر ریاض حسین کلیرہ ، مرکزی جوئنٹ سیکرٹری پروفیسر یاسر خاں اور مرکزی نائب صدر فیصل آباد ڈویژن پروفیسر محمّد کاشف سعید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کی مالیاتی کمیٹی نے اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہ 180,000 روپے سے بڑھا کر 519,000 روپے ماہانہ کر دی ہے (188 فیصد اضافہ)، پنجاب کے سرکاری ملازمین کو صرف 10 فیصد تنخواہ میں اضافہ کیا گیا ہے جو موجودہ مہنگائی کے مقابلے میں ناکافی ہے۔ انھوں نے کہا کہ وفاقی وزیر طارق فضل چودھری کے ڈی آر اے بحال کرنے کے وعدے کے برعکس پنجاب حکومت نے اس الاؤنس کو ختم کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے انتخابات سے قبل ملازمین کے حقوق کے تحفظ کا وعدہ کیا تھا، لیکن اب ان کی حکومت نے نہ صرف ڈی آر اے ختم کیا بلکہ تنخواہوں میں معمولی اضافہ کر کے ملازمین کو مشکلات کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ سال 15 فیصد تنخواہ میں اضافہ اور 25 فیصد ڈی آر اے دیا گیا تھا، جبکہ اس سال صرف 10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے اور 30 فیصد ڈی آر اے ختم کر دیا ہے۔ انھوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے ملازمین کے مطالبات پورے نہ کیے تو 25 جون کو پنجاب بھر میں اگیگا، ایپکا، گرینڈ ٹیچرز الائنس و دوسری تنظیموں کیساتھ مل کر بڑے پیمانے پر احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔ جس کیلئے دوسری تنظیموں سے روابط شروع کر دیے ہیں۔ قائدین نے مطالبہ کیا کہ پنجاب حکومت وفاقی طرز پر فوری طور پر %30 ڈی آر اے لاگو کرے اور تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کرےاور پنجاب کے سرکاری ملازمین کے ساتھ سوتیلوں والا سلوک بھی بند کیا جائے۔
Leave a Comment
Your email address will not be published. Required fields are marked with *